بھارت میں ایک بار پھر تاریخی یادگار تاج محل کو متنازع بنانے کی کوشش

بھارت میں ایک بار پھر تاریخی یادگار تاج محل کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ بالی وڈ کے سینئر اداکار پریش راول کی نئی فلم دی تاج اسٹوری کے پوسٹر میں تاج محل کے گنبد سے ہندو دیوتا شیو کی مورتی کو نکلتے ہوئے دکھایا گیا، جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کے بعد پریش راول نے پوسٹر کو ڈیلیٹ کر دیا اور فلم کی پروڈکشن ٹیم کی جانب سے ایک وضاحتی بیان بھی جاری کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ فلم کا مقصد کسی مذہبی عقیدے کو نشانہ بنانا نہیں اور نہ ہی یہ فلم کسی مندر کے دعوے پر مبنی ہے۔
تاریخی حوالوں سے متعلق ماہرین نے بھی اس نوعیت کے دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے۔ معروف برطانوی مورخ ولیم ڈیل رمپل نے ماضی میں اس دعوے کو “مضحکہ خیز” اور “بدنیتی پر مبنی” قرار دیا تھا کہ تاج محل کسی مندر کی جگہ تعمیر کیا گیا۔
تاج محل، جو محبت کی علامت کے طور پر دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے، ایک بار پھر تاریخ کو مسخ کرنے کی کوششوں کی زد میں ہے۔









