
برطانیہ میں حکومت نے غیر صحت مند کھانے پینے کی اشیاء پر “بائے ون گیٹ ون فری” جیسی تشہیری اسکیموں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد عوام، خاص طور پر بچوں میں بڑھتے ہوئے موٹاپے کے مسئلے پر قابو پانا ہے۔
حکام کے مطابق نئی پابندیاں سپر مارکیٹس، بڑی دکانوں اور آن لائن خوردہ فروشوں پر لاگو ہوں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ بعض کیفیز اور ریستورانوں میں مشروبات کی مفت ری فل اسکیمیں بھی اس دائرے میں آئیں گی۔
محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بچوں کو صحت مند زندگی کی شروعات دینے کی کوششوں کا حصہ ہے، کیونکہ بچپن میں موٹاپا نہ صرف فوری طبی مسائل پیدا کرتا ہے بلکہ طویل المدتی بیماریوں کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
حکام پرامید ہیں کہ یہ پالیسی عوام کو متوازن غذا کی طرف راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوگی اور آنے والے وقت میں صحت عامہ کی صورتحال میں بہتری لائے گی۔









