پاکستانی گھڑ سوار عثمان خان نے ایشین گیمز 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا

0
134
پاکستانی گھڑ سوار عثمان خان نے ایشین گیمز 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا

پاکستان کے معروف گھڑ سوار عثمان خان نے فرانس میں منعقدہ بین الاقوامی تھری اسٹار ایونٹنگ مقابلے میں شاندار کارکردگی کے ذریعے 2026 میں ہونے والے ایشین گیمز کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

انہوں نے یہ کامیابی اپنے گھوڑے “ایڈن آف دی ورٹ” کے ساتھ سی سی آئی تھری اسٹار لانگ فارمیٹ میں حاصل کی، جہاں 59 رائیڈرز کے درمیان مجموعی طور پر چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ اس کارکردگی کے ساتھ عثمان خان ایونٹ کے سب سے کامیاب ایشیائی رائیڈر بھی قرار پائے۔

ایونٹ تین روز تک جاری رہا، جس میں پاکستان نے قومی سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ میزبان فرانس پہلے نمبر پر رہا۔ بھارت کے گھڑ سوار آشیش لمائے نویں پوزیشن پر رہے۔

مقابلے کے دوران پاکستان اور بھارت کے رائیڈرز کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ پہلے دن بھارت نے ڈریساج میں سبقت حاصل کی، دوسرے دن پاکستان نے کراس کنٹری میں برتری حاصل کی، جبکہ تیسرے دن عثمان خان نے شو جمپنگ میں شاندار ڈبل کلئیر راؤنڈ مکمل کرتے ہوئے فیصلہ کن سبقت حاصل کی۔

مقابلے کے اختتام پر عثمان خان نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا کے بہترین رائیڈرز کے ساتھ حصہ لینا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، اور پاکستان کے لیے ایشین گیمز کی کوالیفکیشن حاصل کرنا ان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔

عثمان خان کی یہ کامیابی پاکستان کے لیے بین الاقوامی ایکویسٹرین مقابلوں میں ایک اہم پیش رفت ہے، اور اب وہ 2026 ایشین گیمز میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔

Leave a reply