
کراچی: سندھ کے وزیر بلدیات اور پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف پر آئی سی سی کی جانب سے عائد جرمانہ اپنی جیب سے ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں ناصر شاہ نے کہا کہ حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان بہادر کھلاڑی ہیں اور اگر جرمانہ 300 فیصد بھی ہو، تو وہ اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حارث پر لگنے والا جرمانہ وہ ذاتی طور پر ادا کریں گے۔
اس سے قبل بعض ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی حارث رؤف کا جرمانہ اپنی طرف سے ادا کرنے کی پیشکش کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے ایک میچ میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے وکٹ لینے کے بعد اور میدان میں بھارتی شائقین کی جانب سے آوازیں کسنے پر جواباً ایک اشارہ کیا تھا جسے آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا۔
اسی میچ میں بلے باز صاحبزادہ فرحان نے ففٹی مکمل ہونے کے بعد بلے کو بطور گن استعمال کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا تھا، تاہم ان کے خلاف صرف وارننگ جاری کی گئی۔








