
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں پر حالیہ میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کی ہے۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ حارث رؤف پر الزام ہے کہ انہوں نے میچ کے دوران غیر ضروری اشارے کیے جو کہ کھیل کے ضابطے کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ انہیں لیول ون جرم کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
پاکستانی بیٹر صاحبزادہ فرحان کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے بیٹ کو بندوق کی مانند لہرایا، تاہم ان پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا گیا، لیکن انہیں مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کو پاک بھارت میچ کے دوران سیاسی بیان دینے پر لیول ون جرم میں ملوث قرار دیا گیا ہے۔ اس بنیاد پر ان پر بھی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق تینوں کھلاڑیوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری تسلیم کر لیا ہے، جس کے بعد مزید سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔








