
نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے اقتصادی اصلاحاتی اقدامات اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے پاکستان کے لیے ورلڈ بینک کی مسلسل معاونت، خاص طور پر کورونا وبا اور 2022 کے سیلاب کے دوران، پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے ملک میں جاری جامع اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی اور اجے بنگا کی قیادت میں ورلڈ بینک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے زیادہ مؤثر اور فعال ترقیاتی شراکت دار بنانے کے اقدامات کی تعریف کی۔
ملاقات میں ورلڈ بینک کے آئندہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (2026-2035) کا بھی خیر مقدم کیا گیا۔ صدر ورلڈ بینک نے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات کو مثبت قرار دیتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا









