
سندھ حکومت نے خواتین اور طالبات کے لیے مفت پنک الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کو محفوظ، باوقار اور کم خرچ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ بتایا گیا کہ درخواست گزار خواتین اور طالبات کا ڈیٹا سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ذریعے جمع کیا گیا ہے، اور اسکوٹیز کی تقسیم شفاف نظام اور میرٹ کی بنیاد پر کی جائے گی۔
حکام کے مطابق اس منصوبے سے ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کو روزمرہ سفر میں سہولت میسر آئے گی، جبکہ وقت اور اخراجات دونوں کی بچت ممکن ہوگی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ طریقہ کار کو آسان اور شفاف رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں۔









