سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے شماریاتی ڈیٹا کا استعمال شروع

ملک میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا مؤثر انداز میں جائزہ لینے کے لیے حکومت نے مردم شماری، زراعت شماری اور اقتصادی شماری کے دستیاب ڈیٹا کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ادارہ شماریات کو ہدایت دی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے زراعت شماری سے حاصل کردہ معلومات کو فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات جانچنے میں استعمال کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں، اقتصادی شماری میں ملک بھر کی عمارتوں کو جیو ٹیگ کیے جانے کی وجہ سے انفراسٹرکچر اور کاروباری نقصانات کا اندازہ اضلاع، بلاکس اور دیہات کی سطح پر لگایا جا سکے گا۔ اس سے اسکول، کالج، مساجد، کاروباری مراکز اور دیگر اہم عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات جمع کی جا سکیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ ڈیٹا اور جدید سافٹ ویئر کی مدد سے ایک جامع سروے مکمل کیا جائے گا تاکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں اور بحالی کے اقدامات کو بہتر بنایا جا سکے۔









