پنجاب کےکئی اضلاع میں سیلاب، ہزاروں دیہات زیرآب، لاکھوں افراد متاثر

0
196
پنجاب کےکئی اضلاع میں سیلاب، ہزاروں دیہات زیرآب، لاکھوں افراد متاثر

پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید سیلابی صورتحال نے خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے۔ شجاع آباد، رحیم یار خان، راجن پور، وہاڑی، احمد پور شرقیہ اور جلال پور پیروالا کے سیکڑوں دیہات پانی میں ڈوب چکے ہیں، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

فیڈرل فلڈ کمیشن کے مطابق دریائے چناب میں پنجند بیراج کے مقام پر بہت اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں گڈو بیراج پر بھی اسی نوعیت کا سیلاب متوقع ہے۔

ملتان کے نواحی علاقوں ہیڈ محمد والا اور شیر شاہ میں درجنوں بستیاں زیر آب ہیں، جبکہ شجاع آباد اور جلال پور پیروالا میں بڑی تعداد میں لوگ محفوظ مقامات کیطرف نقل مکانی پرمجبورہوگئے ہیں۔

چاچڑاں کے علاقے میں سیکڑوں مکانات دریا برد ہو چکے ہیں، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، اور متعدد رابطہ سڑکیں مکمل طور پر بند ہیں۔ صادق آباد میں نبی شاہ کے مقام پر زمیندارہ بند ٹوٹنے سے پانی آبادی میں داخل ہو گیا، جس سے خطرات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

راجن پور، روجھان، بنگلہ اچھا، سونمیانی اور کوٹ مٹھن کے کچے کے علاقے بھی شدید متاثر ہیں، جہاں ہزاروں افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق اب تک 1 لاکھ 10 ہزار افراد اور 1 لاکھ سے زائد مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں، جبکہ فلڈ ریلیف کیمپس اور ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔

وہاڑی میں 100 سے زائد دیہی علاقے متاثر ہوئے ہیں اور 76 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر فصلیں زیر آب آ چکی ہیں۔ رحیم یار خان میں دریائے سندھ کے کنارے واقع متعدد بستیاں زیر آب آ گئی ہیں، جہاں لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ڈرونز کی مدد سے پانی میں پھنسے افراد کو نکالنے کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔

Leave a reply