پنجاب حکومت فوری عملی اقدامات کرے، فوٹو سیشن کافی نہیں: بیرسٹر گوہر

سرگودھا: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوٹو سیشن سے آگے بڑھ کر فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
بیرسٹر گوہر نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع سرگودھا، چینوٹ اور حافظ آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا اور مقامی افراد سے ملاقات کی۔ سرگودھا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ سیاست کا وقت نہیں، بلکہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے متحد ہونے کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ایک جامع اور مربوط ایکشن پلان تیار کیا جانا چاہیے تاکہ مستقبل میں نقصانات سے بچا جا سکے۔ پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک صرف نمائشی اقدامات دیکھنے کو ملے ہیں، جبکہ عوام عملی مدد کے منتظر ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے زرعی قرضے فوری طور پر معاف کیے جائیں، تاکہ وہ دوبارہ اپنی زندگی کا آغاز کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کیسز عدالتوں سے زیادہ سیاسی نوعیت کے ہیں اور ان کا حل بھی سیاسی عمل سے ہی نکلنا چاہیے۔









