ریسکیو آپریشن تیز، نجی کشتیاں سرکاری استعمال میں لانے کا حکم

بہاولپور میں حالیہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے نجی کشتیوں کو تحویل میں لے کر سرکاری ریسکیو آپریشن کا حصہ بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر بہاولپور کی جانب سے ریسکیو حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ نجی کشتیوں کو استعمال میں لا کر متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرین نے شکایت کی تھی کہ بعض نجی کشتی مالکان کی جانب سے کرایوں میں غیر معمولی اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کے بعد انتظامیہ نے یہ فیصلہ کیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہنگامی حالات میں عوامی تحفظ اولین ترجیح ہے، اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔








