واٹس ایپ میں نیا رائٹنگ ہیلپ فیچر متعارف

واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے صارفین میسج لکھنے کے عمل کو آسان اور مؤثر بنا سکتے ہیں۔ “رائٹنگ ہیلپ” نامی یہ ٹول مصنوعی ذہانت کی بنیاد پر کام کرتا ہے اور صارفین کو پروف ریڈنگ، جملوں کی ساخت بہتر بنانے اور چیٹ کے انداز کو حسبِ ضرورت تبدیل کرنے میں معاونت فراہم کرتا ہے۔
یہ فیچر میٹا کی پرائیویٹ اے آئی پروسیسنگ پر مبنی ہے، جس کا مطلب ہے کہ صارفین کے اصل پیغامات یا اے آئی کی طرف سے تجویز کردہ جملے واٹس ایپ یا میٹا کے ساتھ شیئر نہیں ہوتے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کے استعمال کے باوجود صارفین کی چیٹس مکمل طور پر پرائیویٹ رہیں گی۔
مختلف انداز میں میسج لکھنے کی سہولت
رائٹنگ ہیلپ کے ذریعے صارف ایک ہی پیغام کے مختلف انداز میں متبادل ورژن حاصل کر سکتے ہیں، جیسے کہ پروفیشنل، دوستانہ، مزاحیہ یا سادہ لہجہ۔ یہ خصوصیت ان افراد کے لیے خاص طور پر مددگار ہے جو اپنے پیغامات کو زیادہ مؤثر اور واضح بنانا چاہتے ہیں۔
مقصد کیا ہے؟
میٹا کی کوشش ہے کہ صارفین کو واٹس ایپ کے اندر ہی تمام ضروری فیچرز فراہم کیے جائیں تاکہ انہیں دیگر اے آئی چیٹ ٹولز جیسے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال نہ کرنا پڑے۔ اس سے پلیٹ فارم پر صارف کا انحصار اور مصروفیت دونوں بڑھ سکتے ہیں۔
فیچر استعمال کرنے کا طریقہ
اگر آپ کے واٹس ایپ میں یہ فیچر دستیاب ہے، تو اس کا استعمال کافی آسان ہے:
1. کسی چیٹ میں پیغام ٹائپ کریں۔
2. میسج باکس کے بائیں جانب موجود ایموجی آئیکون پر کلک کریں۔
3. نیچے موجود آپشنز میں ایک نیا پینسل نما آئیکون دکھائی دے گا۔
4. اس آئیکون پر کلک کرکے آپ رائٹنگ ہیلپ فیچر استعمال کر سکتے ہیں اور پیغام کے مختلف انداز منتخب کر سکتے ہیں۔
یہ فیچر فی الحال محدود ممالک میں دستیاب ہے اور آنے والے دنوں میں اسے دنیا بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔









