خصوصی عدالت برائے اوورسیز پاکستانیز اور ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ترمیمی بل منظور

0
142
خصوصی عدالت برائے اوورسیز پاکستانیز اور ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ترمیمی بل منظور

ہاٹ لائن نیوز : صدر آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت خصوصی عدالت (اوورسیز پاکستانی پراپرٹی) بل 2024 اور ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ترمیمی بل 2024 کی منظوری دے دی۔

صدر آصف علی زرداری نے سپیشل کورٹ اوورسیز پاکستانی پراپرٹی بل 2024 کی منظوری دی، صدر نے ڈیپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ترمیمی بل 2024 کی بھی منظوری دی، دونوں بلوں کی منظوری آئین کے آرٹیکل 75کےتحت دی گئی۔

نئے قانون کے تحت وفاقی حکومت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی مشاورت سے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کرے گی۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی خصوصی عدالتوں میں غیر منقولہ جائیداد سے متعلق درخواستیں دائر کر سکیں گے، عدالت کے جج کو ضلعی عدالت کے جج کے اختیارات حاصل ہوں گے۔

نئے قانون کے تحت درخواستیں الیکٹرانک طریقے سے بھی دائر کی جا سکتی ہیں، اگر مدعا علیہ دوسری بار عدالت میں پیش نہ ہوا تو عدالت مدعا علیہ کی غیر موجودگی میں کارروائی کرے گی۔

خصوصی عدالت برائے سمندر پار پاکستانی فریقین کو شہادتیں دینے کے لیے دو سے زیادہ موقع نہیں دے گی، اوورسیز پاکستانیوں کو ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اجازت ہوگی۔

نئے قانون کے تحت عدالت درخواست کو 90 دن میں نمٹائے گی، متاثرہ شخص 15 دن کے اندر ہائی کورٹ میں اپیل کر سکے گا جو 90 دن میں اپیل نمٹا دے گی۔

عدالت مدعا علیہ کو جائیداد کی منتقلی سے روکے گی، جائیداد کو متاثرہ فریق کو منتقل کرے گی، درخواست پر فیصلہ آنے تک جائیداد کی منتقلی سے روکے گی۔

Leave a reply