
ہاٹ لائن نیوز : پاکستان کے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے انسانیت پر یقین رکھنے والا ہر شخص غمزدہ ہے۔ اسرائیل اور اس کے حامی بہت طاقتور ہیں۔
اسماعیل ھنیہ کی شہادت کے حوالے سے قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف فلسطین کے ذکر پر آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ جو ممالک اسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں وہ انسانیت اور انسانی حقوق کے احترام کا درس دیتے نہیں تھکتے لیکن جب فلسطین کی بات آتی ہے تو وہ سب کچھ بھول جاتے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج پوری انسانیت کو اسرائیل کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ ہم نے اپنے معاملات کو بہت زیادہ الجھایا ہوا ہے۔ ہم مسائل سے اس طرح نہیں نمٹ رہے جس طرح ہمیں کرنا چاہیے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یہ اسماعیل ہنیہ کا قتل نہیں ہے بلکہ یہ بین الاقوامی اخلاقیات کی خلاف ورزی ہے۔ کہاں گئی اقوام متحدہ؟ کہاں ہے عالمی عدالت انصاف؟ انسانی حقوق کی بات کرنے والے ادارے کہاں گئے؟
سابق وزیراعظم نے کہا کہ کوئی ہم سے کیوں ڈرے گا۔ ہم خود چھوٹی چھوٹی باتوں پر بٹے ہوئے ہیں۔ جب ہم میں اتحاد نہیں تو کون سنے گا؟ ہم اتنے الجھے ہوئے ہیں کہ ہمیں یہ بھی نہیں معلوم کہ ہم کہاں ہیں۔








