پاکستان میں والچر ہاؤس بنانے کی نوبت کیوں آئی ؟
ہاٹ لائن نیوز: پاکستان میں گدھ نایاب ہو گئے ہیں، جن کے لیے چھانگا مانگا میں خصوصی والچر ہاؤس بنایا گیا ہے۔
اس پرندے کو اپنی بقا کا مسئلہ درپیش ہے، محکمہ جنگلی حیات نے نایاب گدھ کو بچایا اور ان کی افزائش کے لیے ڈبلیو ڈبلیو ایف کے تعاون سے چھانگا مانگا کے جنگل میں بحالی مرکز قائم کیا۔
خصوصی والچر ہاؤس میں جنگلی حیات کے ماہرین کی نگرانی میں گدھ کی افزائش کی کوششیں جاری ہیں۔
ابتدائی طور پر یہاں 8 گدھ لائے گئے اور اب تک 35 ہو چکے ہیں۔اس پرندے کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی مادہ سال میں صرف ایک انڈا دیتی ہے جس کی وجہ سے اس کی افزائش تیز نہیں ہوتی۔
اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ گدھ کی کمی سے ماحول کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے کیونکہ یہ مردہ جانوروں کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ماحول دوست گدھ کی نسل خطرناک حد تک کم ہو رہی ہے ، جس کی بڑی وجہ جانوروں کو دی جانے والی ادویات ہیں۔









