ٹک ٹاکر مسٹر پتلو اور بھائی عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل

0
38
ٹک ٹاکر مسٹر پتلو اور بھائی عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل

سیالکوٹ: ٹک ٹاکر مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کاشف کو مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کے مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

پولیس نے دونوں ملزمان کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر تیسری مرتبہ ڈسکہ کی مقامی عدالت میں پیش کیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ امانت علی نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے بعد عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ دینے کے بجائے دونوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالتی احکامات پر پولیس نے سخت سیکیورٹی میں دونوں بھائیوں کو جیل منتقل کردیا۔

مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کیسے مچی؟

واقعہ سیالکوٹ کے ڈسکہ روڈ پر واقع فراز اسپورٹس اسٹیڈیم میں پیش آیا، جہاں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہونے کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے، تاہم بعد میں زخمیوں میں شامل ریحان نامی شخص بھی لاہور کے اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق تقریب سے قبل سوشل میڈیا پر دو کروڑ روپے نقد، ایک گاڑی، 50 موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور دیگر قیمتی انعامات تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس اعلان کے بعد سیالکوٹ کے علاوہ گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، منڈی بہاؤالدین اور نارووال سمیت مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ تقریب میں پہنچے، جس کے نتیجے میں صورتحال بے قابو ہوگئی۔

واقعے کے حوالے سے پولیس کی تفتیش اور عدالتی کارروائی جاری ہے۔

Leave a reply