
اسلام آباد: پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری نے اکتوبر 2026 میں برآمدات کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، جس کے بعد ملکی آئی ٹی برآمدات تاریخ کی بلند ترین ماہانہ سطح پر پہنچ گئیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے دوران آئی ٹی برآمدات 45 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہیں۔ یہ گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 17.4 فیصد جبکہ ستمبر 2026 کے مقابلے میں 4.1 فیصد زیادہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ، یعنی جولائی سے اکتوبر 2026 تک، آئی ٹی برآمدات کا مجموعی حجم ایک ارب 73 کروڑ ڈالر رہا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے اس عرصے کے مقابلے میں18 فی صد اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کا سلسلہ گزشتہ مالی سال بھی جاری رہا، جب مالی سال 2025-26 کے دوران مجموعی برآمدات 4 ارب 60 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی تھیں۔
تازہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور یہ شعبہ ملک کے لیے غیر ملکی زرمبادلہ کمانے کے اہم ذرائع میں شامل ہوتا جارہا ہے۔








