یمن میں فضائی حملے، 11 افراد ہلاک، مختلف علاقوں میں جھڑپیں تیز

0
17
یمن میں فضائی حملے، 11 افراد ہلاک، مختلف علاقوں میں جھڑپیں تیز

یمن میں سعودی اتحادی فورسز کی مبینہ فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ حملے ساحلی شہر الحدیدہ اور شمالی صوبے صعدہ میں کیے گئے۔

 الحدیدہ میں فضائی حملوں کے دوران 7 افراد جان سے ہاتھ دھو گئے، جب کہ صعدہ میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ حوثی میڈیانے حملوں کے بعد ایک فیکٹری میں آگ لگنے کی ویڈیو بھی نشر کی ہے۔

دوسری جانب حوثی عسکری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے باب المندب کے قریب کارروائی کرتے ہوئے سعودی حمایت یافتہ فورسز کی متعدد بکتر بند گاڑیوں اور فوجی سازوسامان کو تباہ کردیا۔ تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔

یمن میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب نے حوثیوں کے خلاف سرگرم فوجی اتحاد کی قیادت میں بھی تبدیلی کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ فیصلہ مختلف محاذوں پر سعودی حمایت یافتہ یمنی فورسز کو پیش آنے والی پسپائی کے بعد کیا گیا۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات بھی یمن کی صورت حال پر مرتب ہورہے ہیں۔

حالیہ دنوں میں حوثی جنگجوؤں کی مختلف علاقوں میں پیش قدمی اور متعدد محاذوں پر نئی جھڑپوں کے باعث ملک میں سکیورٹی صورت حال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔

Leave a reply