17نومبر کو دنیا بھر میں بجلی بند ہونے کی خبر؟ سیمپسنز کی مبینہ پیش گوئی کی حقیقت سامنے آگئی

0
0
17نومبر کو دنیا بھر میں بجلی بند ہونے کی خبر؟ سیمپسنز کی مبینہ پیش گوئی کی حقیقت سامنے آگئی

سوشل میڈیا پر امریکی اینیمیٹڈ کارٹون سیریز ’دی سیمپسنز‘ کی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شو نے 17 نومبر کو دنیا بھر میں بجلی کی بندش کی پیش گوئی کی تھی۔ تاہم اس دعوے کی حقیقت کچھ اور ہے۔

وائرل ویڈیو کے باعث سوشل میڈیا صارفین میں تشویش اور حیرت کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ بعض صارفین اسے مستقبل کی پیش گوئی قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ افراد نے اسے عالمی طاقتوں سے متعلق قیاس آرائیوں سے بھی جوڑ دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وائرل کلپ دراصل 2023 میں نشر ہونے والے ’دی سیمپسنز‘ کے ایک ایپی سوڈ ’اٹس اے بلنڈرفُل لائف‘ سے لیا گیا ہے۔ اس قسط میں کہانی کو مستقبل میں لے جایا گیا ہے، جہاں اسپرنگ فیلڈ کی بڑی عمر کی لیزا سیمپسن اپنی ڈائری میں بجلی کی بندش کا ذکر کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

ویڈیو میں 17 نومبر کی تاریخ نظر آنے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے اسے 2026 سے جوڑنا شروع کر دیا اور دعویٰ کیا کہ اس روز دنیا بھر میں بجلی کا نظام بند ہو سکتا ہے۔

تاہم دستیاب ویڈیو میں سال 2026 کا کوئی واضح حوالہ موجود نہیں، نہ ہی اس بات کا کوئی مستند ثبوت سامنے آیا ہے کہ دنیا بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے والی ہے۔

اس افواہ کو مزید تقویت اس وقت ملی جب مائیکروسافٹ کے سسٹمز میں تکنیکی خرابی اور امریکا میں ایمرجنسی الرٹ سسٹم کے معمول کے ٹیسٹ سے متعلق خبریں سامنے آئیں۔ بعض صارفین نے ان واقعات کو بجلی کی ممکنہ عالمی بندش سے جوڑ دیا، حالانکہ ان کے درمیان کوئی ثابت شدہ تعلق موجود نہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ ’دی سیمپسنز‘ کی ایک فرضی کہانی کے منظر کو سیاق و سباق سے ہٹ کر سوشل میڈیا پر پیش کیا جا رہا ہے۔ لہٰذا 17 نومبر کو دنیا بھر میں مکمل بلیک آؤٹ ہونے کا دعویٰ تاحال محض ایک غیر مصدقہ افواہ ہے، اسے حقیقت سمجھنے کی کوئی مستند بنیاد موجود نہیں۔

Leave a reply