لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ، نجی ڈی این اے ٹیسٹ سے بچے کی ولدیت ختم نہیں ہوگی

0
3
لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ، نجی ڈی این اے ٹیسٹ سے بچے کی ولدیت ختم نہیں ہوگی

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے بچے کی ولدیت اور ڈی این اے ٹیسٹ سے متعلق اہم قانونی فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ دورانِ نکاح پیدا ہونے والے بچے کی قانونی ولدیت محض کسی ایک فریق کی جانب سے کرائے گئے نجی ڈی این اے ٹیسٹ کی بنیاد پر ختم نہیں کی جا سکتی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ ماں کی رضامندی اور قانونی اجازت کے بغیر بچے کے جسمانی نمونے حاصل کرکے خفیہ طور پر ڈی این اے ٹیسٹ کرانا انسانی وقار، بنیادی حقوق اورنجی زندگی کے تحفظ کے اصولوں کیخلاف ہے۔

جسٹس اسد علی باجوہ نے یہ فیصلہ ایک آئینی درخواست کی سماعت کے دوران جاری کیا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نجی ڈی این اے رپورٹ کے مطابق بچہ اس کی اولاد نہیں، اس لیے اسے بچے کا ماہانہ نان و نفقہ ادا کرنے کا پابند نہیں کیا جا سکتا۔

تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے فیملی کورٹ اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج گوجرانوالہ کے فیصلے برقرار رکھے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ درست نکاح کے دوران چھ قمری ماہ سے زیادہ مدت کے بعد پیدا ہونے والے بچے کو قانونی طور پر شوہر کی اولاد تصور کیا جاتا ہے۔ ولدیت سے انکار کے لیے قانون میں مقررہ طریقہ کار اور مدت کی پابندی ضروری ہے۔

عدالت کے مطابق بچے کی پیدائش کے بعد ولدیت کو چیلنج کرنے کے لیے چالیس روز کے اندر قانونی کارروائی کرنا لازم ہے، جبکہ چار ماہ سے زائد عرصے بعد کرایا گیا نجی ڈی این اے ٹیسٹ اس تنازع میں قانونی حیثیت نہیں رکھتا۔

عدالت نے آئین کے آرٹیکل 9، 4 اور 14 کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ بچے کی جسمانی خودمختاری، عزت، رازداری اور ذہنی و جذباتی تحفظ کو ہر صورت اہمیت دی جانی چاہیے۔ ڈی این اے ٹیسٹ کا فیصلہ محض کسی فریق کی خواہش پر نہیں بلکہ بچے کے بہترین مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا جانا چاہیے۔

فیصلے میں نابالغ بچے کے ماہانہ نان و نفقہ کی مد میں 25 ہزار روپے کی ادائیگی کا حکم بھی برقرار رکھا گیا ہے، جس میں ہر سال 10 فیصد اضافہ ہوگا۔

عدالت نے وضاحت کی کہ بچے کے اخراجات میں صرف خوراک اور لباس ہی نہیں بلکہ رہائش، تعلیم، علاج اور جسمانی و ذہنی نشوونما سے متعلق ضروریات بھی شامل ہیں۔ والد محض دستاویزی ثبوت نہ ہونے کو بنیاد بنا کر اپنی قانونی ذمہ داری سے انکار نہیں کر سکتا۔

اس کے ساتھ ہی عدالت نے جہیز کے سامان کی واپسی سے متعلق ماتحت عدالتوں کا فیصلہ بھی برقرار رکھا اور سامان کی متبادل قیمت 9 لاکھ 70 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم بحال رکھا۔

عدالتی فیصلے کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ بچے کے حقوق، قانونی تحفظ اور انسانی وقار کو نجی ڈی این اے رپورٹ یا والدین کے باہمی تنازع پر ترجیح حاصل ہے۔

Leave a reply