
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے سفارتی محاذ پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور آج عالمی برادری پاکستان کو امن کے فروغ کے لیے سرگرم ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
لاہور میں منعقدہ تحفظ حرمین شریفین و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کی کوششوں سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر ملک کے وقار اور احترام میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحفظ حرمین شریفین کے معاملے پر پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔ مکہ معاہدہ حرمین شریفین کے تحفظ اور پاکستان کے ساتھ مشترکہ دفاع کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ دفاع حرمین شریفین پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ پاکستان کا استحکام اور حرمین شریفین کا تحفظ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور عسکری قیادت نے عالمی سطح پر پاکستان کے پُرامن تشخص کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں اور تحفظ حرمین شریفین کے لیے قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔
انہوں نے حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مکہ معاہدے اور ایران امریکا کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔









