میاں بیوی کے رشتے میں محبت کیسے برقرار رہتی ہے؟ تحقیق نے ایسا راز بتا دیا کہ سب دنگ رہ گئے

0
9
میاں بیوی کے رشتے میں محبت کیسے برقرار رہتی ہے؟ تحقیق نے ایسا راز بتا دیا کہ سب دنگ رہ گئے

ازدواجی زندگی کو خوشگوار اور مضبوط بنانے کے لیے ضروری نہیں کہ میاں بیوی ہر معاملے میں ایک دوسرے سے متفق ہوں، بلکہ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ وہ مشکل حالات میں ایک دوسرے کے جذبات کو سمجھیں اور ساتھ دیں۔

ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کامیاب ازدواجی تعلق کی بنیاد شریک حیات کے احساسات کو اہمیت دینے، اس کی بات توجہ سے سننے اور مشکل وقت میں اس کا ساتھ دینے میں پوشیدہ ہے۔

تحقیق کے مطابق جو میاں بیوی ایک دوسرے کے مسائل اور جذبات کو نظر انداز کرنے کے بجائے انہیں سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کے درمیان اعتماد اور محبت کا رشتہ زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔

اس کے برعکس اگر شوہر یا بیوی میں سے کوئی ایک دوسرے کے احساسات کو مسلسل نظر انداز کرے یا مسائل پر بات کرنے سے گریز کرے تو اس سے رشتے میں دوریاں، ناراضی اور اختلافات بڑھ سکتے ہیں۔

محققین کے مطابق شریک حیات کی جذباتی ضروریات کو نظر انداز کرنا ازدواجی تعلق پر منفی اثر ڈال سکتا ہے، کیونکہ مشکل وقت میں اپنے ساتھی کی حمایت کرنا ایک مضبوط رشتے کی بنیادی ضرورت ہے۔

اس تحقیق میں کئی دہائیوں کے تحقیقی کام کی بنیاد پر ایک ریاضیاتی ماڈل تیار کیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ صحت مند ازدواجی تعلق وہ ہوتا ہے جس میں دونوں افراد ایک دوسرے کے جذبات کو سمجھتے اور حالات کے مطابق مثبت ردعمل دیتے ہیں۔

تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے Proceedings of the Royal Society A میں شائع ہوئے۔

اختلافات کے دوران الفاظ کا انتخاب بھی اہم

مئی 2024 میں ہونے والی ایک دوسری تحقیق میں بھی اس بات کی نشاندہی کی گئی تھی کہ میاں بیوی کے درمیان گفتگو کا انداز ان کے تعلق کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق خوشگوار ازدواجی زندگی گزارنے والے جوڑوں کے درمیان بھی اختلافات اور بحث ہوتی ہے، تاہم ایسے مواقع پر ایک دوسرے سے بات کرنے کا انداز رشتے پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ شریک حیات کی خامیوں پر تنقید کرنے یا تلخ الفاظ استعمال کرنے کے بجائے نرمی، برداشت اور احترام سے بات کی جائے۔

ان کے مطابق کوئی بھی انسان یا رشتہ مکمل طور پر بے عیب نہیں ہوتا، اس لیے کامیاب شادی کے لیے ایک دوسرے کی خوبیوں اور خامیوں کو قبول کرنا، چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو درگزر کرنا اور باہمی احترام برقرار رکھنا ضروری ہے۔

ماہرین کے مطابق کامیاب شادی کا اصل راز ایک دوسرے کو بدلنے کی کوشش کرنے کے بجائے سمجھنے، قبول کرنے اور مشکل وقت میں ساتھ نبھانے میں ہے۔

Leave a reply