
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر گورنر کے انتظامی اور آئینی اختیارات میں اضافے کے لیے نئے آرڈیننس کی تیاری شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایمرجنسی کے دوران گورنر کو اضافی اختیارات دینے سے متعلق مجوزہ آرڈیننس صدر مملکت آصف علی زرداری کو ارسال کر دیا ہے۔
مجوزہ آرڈیننس کے تحت صوبے میں ایمرجنسی نافذ ہونے کی صورت میں گورنر کو پہلے سے زیادہ اختیارات حاصل ہوں گے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے 12 خصوصی اضلاع میں گورنر فیصل کریم کنڈی کے انتظامی اختیارات میں بھی اضافے کی تجویز شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آرڈیننس کے اجرا کے لیے صدر مملکت کی منظوری درکار ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ وزیراعظم کی ایڈوائس پر اس حوالے سے جلد پیش رفت ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق مجوزہ آرڈیننس کے معاملے کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس بھی دوبارہ شیڈول کیا گیا ہے، کیونکہ اسمبلی کا اجلاس طلب ہونے کے بعد آرڈیننس جاری کرنے کے حوالے سے آئینی و قانونی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
تاہم مجوزہ آرڈیننس کے حتمی اجرا اور اس کی شقوں سے متعلق سرکاری سطح پر مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔









