خلیجی ممالک کا ایران سے جنگی تباہی کا معاوضہ ادا کرنیکا مطالبہ، تہران کا دوٹوک انکار

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے میں ہونے والی جنگی کارروائیوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرے، تاہم ایران نے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے خلیجی ممالک پر امریکا کے ساتھ تعاون اور ایران مخالف کارروائیوں میں سہولت فراہم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے خلیجی ممالک کو ہزاروں میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اہم تنصیبات اور شہری املاک کو نقصان پہنچا۔
ان کے مطابق حملوں میں ہوائی اڈے، بندرگاہیں، تیل و گیس کے مراکز، بجلی گھر اور رہائشی علاقے متاثر ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ خلیجی ممالک اس تنازع میں براہ راست فریق نہیں تھے اور انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھیں۔
جاسم البدیوی نے زور دیا کہ ایران کو مبینہ حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ہونے والے نقصانات کا مکمل معاوضہ ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ مستقبل میں کسی بھی ممکنہ معاہدے میں صرف جوہری پروگرام پر توجہ کافی نہیں ہوگی، بلکہ بیلسٹک میزائلوں، ڈرون ٹیکنالوجی اور خطے میں سرگرم مسلح گروہوں کی حمایت جیسے معاملات کو بھی شامل کرنا ضروری ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے نائب سفیر غلام حسین نے جی سی سی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک خود بھی اس تنازع میں شریک رہے ہیں۔
ایرانی سفارت کار کے مطابق خلیجی ممالک نے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے دوران واشنگٹن کو تعاون اور سہولتیں فراہم کیں، اس لیے انہیں بھی ان اقدامات کے حوالے سے جواب دہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے خلیجی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ وضاحت کریں کہ ایران کے خلاف امریکی حملوں میں انہوں نے کس نوعیت کا تعاون فراہم کیا۔
یوں جنگی نقصانات کے معاوضے کے معاملے پر ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان سفارتی اختلافات مزید نمایاں ہوگئے ہیں۔









