آن لائن جناتی مؤکل دلانے کا جھانسہ، کراچی کی خاتون سے 25 لاکھ روپے ہتھیا لیے گئے

کراچی: سوشل میڈیا پر روحانی علاج اور مشکلات کے حل کے نام پر دھوکا دہی کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں مبینہ طور پر جناتی مؤکل فراہم کرنے کا وعدہ کرکے ایک خاتون سے 25 لاکھ روپے وصول کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والی سیدہ ارجمند کو فیس بک پر موجود ایک پیج کے ذریعے رابطے میں لیا گیا، جہاں قرآن کے وظائف اور دعاؤں کے ذریعے مسائل حل کرنے کی پیشکش کی جاتی تھی۔
پیج چلانے والی مبینہ خاتون خود کو روحانی معالج ظاہر کرتی تھی اور رقم کے عوض مؤکل فراہم کرنے کا دعویٰ کرتی تھی۔ متاثرہ خاتون کو بھی دو مؤکل دلانے کی یقین دہانی کرائی گئی، جس پر وہ اس پیشکش کو حقیقت سمجھ بیٹھیں۔
متاثرہ خاتون نے تقریباً ایک سال کے دوران مختلف بینک اکاؤنٹس میں متعدد مرتبہ رقوم منتقل کیں، جن کی مجموعی مالیت 25 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔
بعد ازاں دھوکا دہی کا احساس ہونے پر انہوں نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے رابطہ کیا۔ ادارے کے کراچی زون نے شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے رقم کی منتقلی سے متعلق تحقیقات کیں اور متعلقہ بینک اکاؤنٹ ہولڈر تک پہنچ گیا۔
این سی سی آئی اے کی کارروائی کے نتیجے میں متاثرہ خاتون کو ان کی مکمل رقم، یعنی 25 لاکھ روپے واپس دلوا دیے گئے۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر روحانی علاج، وظائف اور غیر معمولی دعوؤں کے ذریعے مالی فوائد حاصل کرنے والوں سے محتاط رہنے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔








