
بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کے ممبئی میں واقع بنگلے ’جلسہ‘ کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد ممبئی پولیس اور سکیورٹی ادارے متحرک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن کے جوہو میں واقع بنگلے کے علاوہ ممبئی کے میئر آفس اور چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی بم دھماکے کی دھمکی دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے متعلقہ مقامات پر سکیورٹی سخت کردی اور سرچ آپریشن شروع کردیا۔
رپورٹس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر سکیورٹی ٹیموں نے دھمکی آمیز ای میل میں نشاندہی کیے گئے مقامات کی مکمل تلاشی لی، تاہم کسی بھی مقام سے کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ دھمکی گزشتہ دنوں موصول ہونے والی دھمکی آمیز ای میلز کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، جن میں امیتابھ بچن کے بنگلے کو نشانہ بنانے اور گلوکار دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کی سکیورٹی متاثر کرنے کی دھمکیاں بھی شامل تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ممبئی کے میئر آفس کو موصول ہونے والی ایک ای میل میں اسی نوعیت کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ مسلسل موصول ہونے والے خطرات کے باعث امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن نے حال ہی میں مداحوں سے ملاقات کے دوران بلٹ پروف شیشے کی حفاظتی دیوار کا استعمال بھی کیا تھا۔









