اسلام آباد کو ملک کا پہلا کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ، 31 دسمبر تک ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام نافذ کرنے کا ہدف

0
38
اسلام آباد کو ملک کا پہلا کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ، 31 دسمبر تک ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام نافذ کرنے کا ہدف

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کے منصوبے پر عملدرآمد تیز کر دیا ہے، جس کے تحت رواں سال 31 دسمبر تک شہر کے تمام چھوٹے بڑے کاروباروں اور تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین سی ڈی اے، بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں اور متعلقہ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اسلام آباد میں ڈیجیٹل لین دین کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایات پر کیش لیس اسلام آباد منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے محکموں میں نقد ادائیگیاں وصول نہیں کی جائیں گی، جبکہ سرکاری فیسوں اور دیگرمالی معاملات کیلیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کانظام استعمال ہوگا۔

حکومتی حکام کے مطابق اب تک اسلام آباد میں تقریباً 26 ہزار کاروباری مراکز اور مرچنٹس ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کا حصہ بن چکے ہیں۔ منصوبے کے اگلے مرحلے میں ریڑھی بانوں، چھوٹے دکانداروں اور بڑے تجارتی مراکز سمیت تمام کاروباری طبقات کو اس سہولت سے منسلک کیا جائے گا۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کیش لیس نظام کے نفاذ سے مالیاتی معاملات میں شفافیت بڑھے گی، ٹیکس نظام کی نگرانی بہتر ہوگی اور کاروباری لین دین کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں نے منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے حکومت کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کی توسیع اور کامیاب نفاذ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے اسلام آباد کو جدید ڈیجیٹل دارالحکومت میں تبدیل کرنے کے ساتھ ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

Leave a reply