
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب ایک پوسٹ میں زیادہ سے زیادہ 20 تصاویر یا ویڈیوز شیئر کی جا سکیں گی۔
اس سے قبل ایکس صارفین ایک پوسٹ میں صرف 4 تصاویر یا ویڈیوز اپ لوڈ کرسکتے تھے، تاہم نئی اپ ڈیٹ کے بعد یہ تعداد بڑھا کر 20 کردی گئی ہے۔ اس طرح صارفین کو پہلے کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ میڈیا شیئر کرنے کی سہولت ملے گی۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیچر ایکس کے ویب ورژن پر دستیاب ہوگیا ہے، جبکہ موبائل ایپلی کیشنز میں بھی اس کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔
ایکس کے موبائل انجینئرنگ شعبے کے سربراہ جونا کاٹز نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس تبدیلی کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں نئی سہولت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیک وقت 20 تصاویر بھی شیئر کیں۔
صارفین اب ایک ہی پوسٹ میں تصاویر، ویڈیوز یا دونوں کا امتزاج شیئر کرسکیں گے۔ اگر موبائل ایپ میں یہ سہولت دستیاب نہیں تو ایپ کو اپ ڈیٹ کرکے دوبارہ چیک کیا جاسکتا ہے۔
اس تبدیلی سے صارفین کو اپنی سرگرمیوں، تقریبات اور دیگر لمحات کو ایک ہی پوسٹ میں زیادہ تفصیل کے ساتھ شیئر کرنے کا موقع ملے گا۔









