
مائیکروسافٹ کی مختلف آن لائن سروسز میں عالمی سطح پر پیدا ہونے والا تعطل کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود مکمل طور پر ختم نہیں ہوسکا، جس کے باعث دنیا بھر میں انفرادی صارفین، کاروباری اداروں اور سرکاری محکموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس تکنیکی خرابی سے 74 ممالک کے صارفین متاثر ہوئے ہیں، جبکہ آؤٹ لک ای میل سروس کے حوالے سے شکایات کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔
مائیکروسافٹ کے مطابق متعدد خطوں میں سرورز کی غیر متوقع بندش کے باعث دیگر فعال سرورز پر اضافی دباؤ پڑا، جس کے نتیجے میں مختلف سروسز کی کارکردگی متاثر ہوئی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ سروسز کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں اور اس حوالے سے پیشرفت بھی ہوئی ہے، تاہم تاحال تمام مسائل پر قابو نہیں پایا جاسکا اور مکمل بحالی میں مشکلات درپیش ہیں۔
مائیکروسافٹ نے ابتدائی جائزے کی بنیاد پر اس تعطل کو سائبر حملے کا نتیجہ قرار دینے کے شواہد نہ ملنے کی بھی نشاندہی کی ہے۔ کمپنی کے مطابق اب تک کسی مشتبہ سرگرمی کا پتا نہیں چلا۔
اس تعطل سے آؤٹ لک ڈاٹ کام، ون ڈرائیو، ون نوٹ، مائیکروسافٹ ٹو ڈو، مائیکروسافٹ ٹیمز اور مائیکروسافٹ 365 سمیت متعدد اہم سروسز متاثر ہوئی ہیں۔
دوسری جانب اس تکنیکی خرابی کے اثرات دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں تک بھی پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ اوپن اے آئی نے مائیکروسافٹ سروسز کے ساتھ رابطے میں پیش آنے والی مشکلات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے، جبکہ انتھروپک نے بھی مائیکروسافٹ 365 سے منسلک سروسز میں مسائل کی نشاندہی کی ہے۔
عالمی سطح پر مائیکروسافٹ کی سروسز پر انحصار کرنے والے صارفین اور اداروں کی بڑی تعداد کے باعث اس تعطل نے ڈیجیٹل کاروباری سرگرمیوں اور روزمرہ امور کو متاثر کیا ہے۔









