
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تیز رفتار ترقی نے جہاں انسانی زندگی میں بے شمار آسانیاں پیدا کی ہیں، وہیں اس ٹیکنالوجی کے ممکنہ خطرات نے ماہرین کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ مصنوعی ذہانت کی حفاظت سے وابستہ ماہر پال کرسچیانو نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ تین برس میں اے آئی انسانی کنٹرول سے باہر نکل سکتی ہے اور اسکے سنگین نتائج سامنےآسکتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پال کرسچیانو نے یہ خدشات معروف اے آئی ماہر جیفری ہنٹن کے زیرِ اہتمام ہونے والے ’دی ہنٹن لیکچرز 2026‘ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے ظاہر کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اے آئی کے انسانوں پر غالب آنے کا خطرہ سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔ اس سے مراد ایسی صورت حال ہے جس میں اہم فیصلوں اور معاملات پر انسانی اختیار کم ہوتا جائے اور مصنوعی ذہانت کے نظام زیادہ خودمختاری حاصل کر لیں۔
پال کرسچیانو نے خبردار کیا کہ اگر اے آئی کی ترقی اور تیاری میں مناسب حفاظتی اقدامات کو نظرانداز کیا گیا تو اس کے نتائج انسانی جانوں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت سے متعلق کسی بڑے حادثے کے باعث بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ موجود ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اے آئی کا خطرہ صرف انسانی ہلاکتوں تک محدود نہیں بلکہ اگر فیصلہ سازی کا اختیار مشینوں کے ہاتھ میں چلا گیا تو انسانی خودمختاری بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
اے آئی کی تیز رفتار ترقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹیکنالوجی کو حفاظتی تقاضے پورے کیے بغیر تیزی سے آگے بڑھایا گیا تو انسانوں کے اس پر کنٹرول کھونے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے 50 فیصد تک خطرے کا امکان بھی ظاہر کیا، تاہم یہ ان کا ذاتی تخمینہ ہے، کوئی حتمی سائنسی پیش گوئی نہیں۔
کرسچیانو اس سے قبل بھی مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات پر اپنی رائے کا اظہار کر چکے ہیں۔ ان کے سابقہ اندازوں میں ایک سال کے اندر اے آئی پر انسانی کنٹرول مکمل طور پر ختم ہونے کا امکان 4 فیصد جبکہ تین سال میں یہ شرح 15 فیصد بتائی گئی تھی۔ یہ اعدادوشمار بھی ان کے ذاتی اندازوں پر مبنی تھے۔
دوسری جانب مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس بھی مصنوعی ذہانت کے ممکنہ تباہ کن اثرات کے بارے میں خبردار کر چکے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ اے آئی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر قوانین اور نگرانی کا نظام ضروری ہے۔
ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیوں کے سربراہان بھی اس معاملے پر مختلف آرا رکھتے ہیں۔ بعض ماہرین اور کمپنیوں کے رہنما مصنوعی ذہانت کے لیے سخت حفاظتی اقدامات اور ضابطوں کی حمایت کرتے ہیں، جبکہ کچھ شخصیات کا خیال ہے کہ ضرورت سے زیادہ پابندیاں اس شعبے میں جدت اور ترقی کی رفتار متاثر کر سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت کے فوائد سے بھرپور استفادے کے ساتھ اس کے ممکنہ نقصانات کو روکنے کے لیے انسانی نگرانی، شفاف پالیسیوں اور مؤثر حفاظتی اقدامات کو ترجیح دینا ناگزیر ہے۔









