یو اے ای میں ہولناک ٹریفک حادثہ، 14 افراد ہلاک، پاکستانیوں سمیت 30 زخمی

0
0
یو اے ای میں ہولناک ٹریفک حادثہ، 14 افراد ہلاک، پاکستانیوں سمیت 30 زخمی

متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں پیش آنے والے ایک بڑے ٹریفک حادثے میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ پاکستانی شہریوں سمیت 30 افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ جمعرات کی شب شیخ خلیفہ بن زاید روڈ پر پیش آیا، جہاں ایک ٹرک ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ بے قابو ٹرک پہلے ایک گاڑی سے ٹکرایا اور پھر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں متعدد دوسری گاڑیاں بھی حادثے کی زد میں آگئیں۔

حادثے میں مجموعی طور پر 18 گاڑیاں اور پانچ ٹرک متاثر ہوئے۔ تصادم کے بعد ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس موجود کئی گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

فجیرہ پولیس اور متعلقہ حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 15 افراد کو طبی امداد کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کا علاج جاری ہے۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں کا تعلق متحدہ عرب امارات، عمان، بھارت، برازیل، پاکستان، اردن اور مصر سمیت مختلف ممالک سے ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں اماراتی شہری بھی شامل ہیں، جبکہ دیگر متاثرین کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب دبئی میں بھارتی قونصل خانے نے حادثے میں بھارتی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے رابطے اور ان کی معاونت کا اعلان کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے بھی جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ حادثے سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں اور غیر مصدقہ خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔

Leave a reply