
اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے فیصلہ ہوچکا ہے، تاہم ان کی حدود اور انتظامی نقشہ بندی کا تعین ہونا باقی ہے۔
اسلام آباد میں نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت بہتر طرزِ حکمرانی، جمہوری اصلاحات اور سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کا حصول ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات اور نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت ہے۔
فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ دونوں جماعتیں اہم سیاسی معاملات پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کے بجائے فیصلے اپنے طور پر کرنا چاہتی ہیں۔ ان کے مطابق نئے صوبوں کا معاملہ بھی 2029 تک مؤخر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ اگر نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ سینیٹ انتخابات تک مؤخر ہوگیا تو اس پر پیش رفت مزید مشکل ہوسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی اس معاملے پر ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے اور مشاورت کرے گی۔ کمیٹی کی توجہ ملکی معیشت، انتظامی اصلاحات اور نئے صوبوں کے قیام سمیت اہم قومی امور پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے پر ہوگی۔
فواد چوہدری نے ملک میں قومی حکومت کے قیام کو بھی وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشی مشکلات اور سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔
ان کا مزید دعویٰ تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان بھی ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حامی ہیں۔









