ڈبل 11 سیل کا انوکھا کارنامہ، فلیٹ صرف 11 یوان میں نیلام

0
35
ڈبل 11 سیل کا انوکھا کارنامہ، فلیٹ صرف 11 یوان میں نیلام

چین میں مشہور آن لائن شاپنگ فیسٹیول ڈبل 11 کے دوران ایک ایسا حیران کن سودا سامنے آیا ہے جس نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔ چین کے صوبے ہیلونگ جیانگ کے شہر ہیگانگ میں ایک مکمل فلیٹ محض 11 یوان میں نیلام کردیا گیا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 458 روپے بنتے ہیں۔

غیر معمولی قیمت پر فروخت ہونے والا یہ فلیٹ 68 مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہے اور عمارت کی ساتویں منزل پر واقع ہے۔ دو بیڈ رومز والے اس اپارٹمنٹ کی نیلامی کا آغاز صرف ایک یوان سے کیا گیا تھا، جو بولی کے مختلف مراحل سے گزر کر 11 یوان تک پہنچ گئی۔

نیلامی سے متعلق پلیٹ فارم کے ریکارڈ کے مطابق اس فروخت میں 1667 افراد نے دلچسپی ظاہر کی۔ نیلامی 5 نومبر کو اختتام پذیر ہوئی، جس میں مشرقی چین کے ایک صوبے سے تعلق رکھنے والے نامعلوم خریدار نے کامیابی حاصل کی۔

کامیاب بولی دہندہ نے لائیو اسٹریم کے دوران اپنی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا شہر میں مستقل رہائش اختیار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم وہ اس فلیٹ کو اپنے پاس رکھنا چاہتا ہے تاکہ تعطیلات کے دوران وہاں قیام کرسکے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلیٹ کی قیمت 11 یوان ہونے کے باوجود خریدار کو ملکیت اپنے نام منتقل کروانے کے لیے مزید 2 ہزار یوان ادا کرنا ہوں گے۔

مقامی پراپرٹی ایپس کے تخمینوں کے مطابق شہر ہیگانگ میں استعمال شدہ فلیٹس کی اوسط مارکیٹ قیمت تقریباً 40 ہزار یوان ہے، جس کے مقابلے میں یہ سودا انتہائی غیر معمولی دکھائی دیتا ہے۔

نیلامی کا انتظام کرنے والے ادارے کے ایک مینیجر کے مطابق یہ فروخت ڈبل 11 کی خصوصی تشہیری مہم کا حصہ تھی۔ اس معاہدے کے تحت آن لائن ای کامرس کمپنی فلیٹ کی اصل قیمت اور نیلامی میں حاصل ہونے والی رقم کے درمیان فرق پورا کرے گی۔

اس منفرد پیشکش نے چین کے ڈبل 11 شاپنگ فیسٹیول کو ایک بار پھر خبروں کی زینت بنا دیا ہے۔

Leave a reply