اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس: مقدمہ واپس لینے کی خبروں کی تردید، بھائی کا اہم بیان

0
39
اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس: مقدمہ واپس لینے کی خبروں کی تردید، بھائی کا اہم بیان

راولپنڈی: نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقتولہ کے بھائی خرم احمد نے مقدمہ واپس لینے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی بہن کے قتل کو معاف کرنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔

خرم احمد کا کہنا ہے کہ ان کا مطالبہ ہے کہ پولیس واقعے کی شفاف تحقیقات کرے اور موت کے اصل حقائق اور محرکات سامنے لائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقدمہ واپس لینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل خرم احمد نے ایک میڈیا ادارے سے گفتگو میں کہا تھا کہ خاندان کے بعض افراد اس واقعے کو حادثہ سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق ربیعہ احسن کی شادی کو 14 برس گزر چکے تھے اور میاں بیوی کے درمیان کسی بڑے اختلاف یا واقعے سے قبل جھگڑے کی اطلاع نہیں تھی۔

ادھر پولیس نے کیس میں گرفتار ربیعہ احسن کے شوہر احسن کو عدالت میں پیش کیا، جہاں سے ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا۔

پولیس ریکارڈ کیطابق ربیعہ احسن کی لاش 8 نومبر کوراولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں انکی رہائش گاہ سے ملی تھی۔معائنے میں انکی گردن کے نچلے حصے پر گولی لگنے کا زخم سامنے آیا، جبکہ گھر سے 30 بور کا ایک غیر لائسنس یافتہ پستول بھی برآمد کیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کیا۔ ان کے خلاف تھانہ صدر بیرونی میں خرم احمد کی درخواست پر قتل کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا کہ وہ الماری سے پستول نکال رہے تھے کہ اسی دوران اچانک گولی چل گئی، جو ربیعہ احسن کو لگی۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی گردن کے سامنے نچلے حصے پر گولی لگنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں۔ جائے وقوعہ سے حاصل کیے گئے فرانزک نمونے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حتمی نتیجے تک پہنچنے کے لیے فرانزک رپورٹس اور ملزم کے جسمانی ریمانڈ کے دوران سامنے آنے والی معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔

Leave a reply