سعودی عرب کا سیاحتی ویزا پروگرام مزید چار ممالک تک پھیلا دیا گیا

ریاض: سعودی عرب نے اپنے سیاحتی ویزا پروگرام میں مزید چار ممالک کو شامل کر لیا ہے، جس کے بعد ان ممالک کے شہریوں کے لیے مملکت کا سفر پہلے سے زیادہ آسان ہو گیا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق نئے شامل کیے جانے والے ممالک میں میکسیکو، شمالی مقدونیہ، بوسنیا و ہرزیگووینا اور سربیا شامل ہیں۔
نئے فیصلے کے تحت ان ممالک کے شہری سعودی سیاحتی ویزے کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے، جبکہ سعودی عرب پہنچنے پر مختلف سرحدی گزرگاہوں سے بھی ویزا حاصل کرنے کی سہولت دستیاب ہوگی۔
سعودی سیاحتی ویزا رکھنے والے افراد صرف تفریحی مقاصد کے لیے ہی نہیں بلکہ مختلف تقریبات، تجارتی نمائشوں اور کانفرنسوں میں شرکت کے لیے بھی مملکت کا سفر کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ دوستوں اور عزیز و اقارب سے ملاقات کی بھی اجازت ہے۔
اس ویزے کے ذریعے عمرہ ادا کرنے کی سہولت بھی حاصل ہے، تاہم زائرین کو عمرے سے متعلق سعودی قوانین اور سرکاری ہدایات کی پابندی کرنا ہوگی۔
سعودی وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2023 سے اب تک غیر ملکی شہریوں کو تقریباً ایک کروڑ 80 لاکھ سیاحتی ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔
وزارت کے مطابق سعودی عرب تقریباً 65 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا درخواستوں کا نظام ڈیجیٹل بنا چکا ہے، جس سے اہل افراد گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیاحتی ویزا پروگرام میں مزید ممالک کی شمولیت کا مقصد عالمی سیاحت کو فروغ دینا، بین الاقوامی روابط مضبوط بنانا اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے سعودی عرب آمد کے مراحل کو آسان بنانا ہے۔








