
ویب ڈیسک: معروف ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب ایک نئی سوشل میڈیا ایپ متعارف کرانے پر غور کر رہا ہے، جس کا نام ’ٹمبا‘ (Tamba) بتایا جا رہا ہے۔ نئی ایپ میں صارفین کو ویڈیوز دیکھنے کے ساتھ ساتھ سماجی رابطوں کے متعدد فیچرز بھی فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق ایک رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے یوٹیوب ایپ کے نئے ورژن میں کچھ ایسے کوڈز دریافت ہوئے ہیں جو ایک الگ ایپ کی تیاری کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ٹمبا میں صارفین ایک دوسرے کو انفرادی اور گروپ پیغامات بھیج سکیں گے، جبکہ تصاویر، ویڈیوز اور دیگر مواد شیئر کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوسکتی ہے۔
ایپ کے ممکنہ ڈیزائن میں ہوم، سرچ، کیمرا، ان باکس اور چیٹس جیسے مختلف سیکشنز شامل ہونے کا امکان ہے۔ اس کا نیویگیشن سسٹم روایتی یوٹیوب ایپ کے بجائے انسٹاگرام جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے مشابہ ہوسکتا ہے۔
مجوزہ ایپ میں صارفین ایک دوسرے کو فالو کرنے، فالو ریکوئسٹس بھیجنے اور انہیں قبول یا مسترد کرنے کے آپشنز بھی استعمال کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ کمنٹس کے جواب میں وائس نوٹ بھیجنے کی سہولت فراہم کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں سامنے آنے والی تفصیلات سے اندازہ ہوتا ہے کہ گوگل اس منصوبے کے ذریعے یوٹیوب کے سوشل نیٹ ورکنگ فیچرز کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
تاہم ابھی تک گوگل نے ٹمبا کے نام سے کسی نئی ایپ کی باضابطہ تصدیق یا لانچ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ یہ بھی واضح نہیں کہ اسے الگ ایپ کے طور پر پیش کیا جائے گا یا اس کے فیچرز موجودہ یوٹیوب ایپ میں شامل کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ یوٹیوب پہلے ہی صارفین کے درمیان نجی پیغامات کی سہولت متعارف کرانے پر کام کر رہا ہے، جبکہ گروپ چیٹس کے فیچر میں بھی توسیع متوقع ہے۔









