
لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار منعقد کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انتخابی عمل کے پہلے مرحلے کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ صوبائی حکومت کی درخواست اور انتظامی معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ چیف سیکریٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا تھا کہ صوبائی حکومت اور کمیشن کے درمیان مشاورت کے دوران بلدیاتی انتخابات دسمبر 2026 سے جنوری 2027 کے درمیان کرانے پر اتفاق ہوا تھا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ موسم کی ممکنہ صورتحال اور انتظامی ضروریات کے پیش نظر انتخابات 20 جنوری 2027 کے بعد منعقد کرائے جائیں اور انتخابی عمل کو مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے پہلے مرحلے کے انتخابات کے لیے 7 فروری 2027 کو پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمیشن کے مطابق آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا اس کی آئینی ذمہ داری ہے، جبکہ تمام امیدواروں کو انتخابی عمل میں یکساں مواقع فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے آئندہ مراحل کی تاریخوں، شیڈول اور دیگر انتظامی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔









