
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے آئندہ دو سال کے دوران طلبہ میں پانچ لاکھ کروم بکس تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ منصوبے کے تحت طلبہ کو انٹرنیٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ جدید تعلیمی وسائل سے استفادہ کر سکیں۔
اسلام آباد میں اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں جدید ٹیکنالوجی تک رسائی دینا ضروری ہے۔ ان کے مطابق کروم بکس میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر فراہم کی جائیں گی تاکہ مستحق اور ہونہار طلبہ کو تعلیم کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ دس برس میں میرٹ کی بنیاد پر چھ لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ حکومت اب ڈیجیٹل آلات کی فراہمی کے ذریعے طلبہ کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں بدلتے تقاضوں کے مطابق اقدامات کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا مشہود احمد خان نے بھی نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں یکساں مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
حکومت کے مطابق اس منصوبے کا مقصد طلبہ کے لیے ڈیجیٹل تعلیم کو آسان بنانا اور جدید معلومات تک ان کی رسائی بہتر کرنا ہے۔









