
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے پاکستان کی سرزمین پر راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف تاریخ رقم کرتے ہوئے کئی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ ان کے پاس گیندوں کے لحاظ سے سب سے بڑا انفرادی سکور اور تیز ترین ڈبل سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی ہے۔
جمعرات کو راولپنڈی میں کھیلے جا رہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کی شاندار بلے بازی کی بدولت انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے جو پاکستان میں ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سکور ہے۔
دریں اثنا انگلش کپتان نے تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری اسکور کی، سری لنکن بولرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 116 گیندوں پر 202 رنز بنائے، انکی اننگز میں 21 چوکےاور 10 چھکے شامل تھے۔
ہیری بروک ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے انگلینڈ کے پہلے بلے باز بن گئے، ساتھ ہی وہ ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ انفرادی سکور کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔ انگلینڈ کے لیے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی سکور کا ریکارڈ اس سے قبل بین اسٹوکس کے پاس تھا جنہوں نے 2023 میں اوول میں نیوزی لینڈ کے خلاف 182 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ کے کپتان نے صرف 114 گیندوں میں اپنی ڈبل سنچری مکمل کرتے ہوئے بھارت کے شبمن گل کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے 30 ستمبر 2026 کو گوہاٹی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 117 گیندوں پر ناقابل شکست 223 رنز بنائے تھے۔ اس طرح ہیری بروک ون ڈے کرکٹ میں گیندوں کے لحاظ سے تیز ترین ڈبل سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے۔
بروک نے اپنی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور ابتدائی 24 گیندوں پر صرف 13 رنز بنائے لیکن پھر بیٹنگ کی رفتار کو بڑھاتے ہوئے 42 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 75 گیندوں پر چوتھی ون ڈے سنچری اسکور کی جب کہ سنچری مکمل کرنے کے بعد اگلی 39 گیندوں پر مزید 100 رنز بنا کر ڈبل سنچری کا سنگ میل عبور کیا۔









