ملتان: 15 سالہ یتیم لڑکے کے قتل کا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

0
37
ملتان: 15 سالہ یتیم لڑکے کے قتل کا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

بہاولپور: ملتان میں 15 سالہ یتیم لڑکے وسیم عباس کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم توقیر نذیر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم عدالتی ریمانڈ کے دوران فرار ہو گیا تھا۔ بعد ازاں بہاولپور میں ناردرن بائی پاس کے قریب پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس دوران ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

حکام کے مطابق توقیر نذیر کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا، تاہم وہ دورانِ حراست فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے واقعے اور فرار ہونے والے مبینہ ساتھی کی تلاش کے لیے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ ملتان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ وسیم عباس کو مبینہ طور پر کام چھوڑنے اور جبری مشقت سے انکار پر گاڑی تلے کچل دیا گیا تھا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس نے توقیر نذیر کو گرفتار کرکے قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔

ملزم کی عدالت میں پیشی کے موقع پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا تھا اور وکلا کی جانب سے تشدد کی اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں۔ مقتول کی نمازِ جنازہ اور تدفین مظفرگڑھ میں کی گئی، جہاں اہلِ خانہ اور فلاحی ادارے نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

Leave a reply