اٹلی: نیپلز کے قریب 4.7 شدت کا زلزلہ، بجلی اور ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر

اٹلی کے جنوبی شہر نیپلز کے مغربی علاقے کیمپی فلیگری میں جمعے کی شام 4.7 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جبکہ احتیاطی اقدام کے طور پر ٹرین اور میٹرو سروس عارضی طور پر روک دی گئی۔
اطالوی قومی ادارہ برائے ارضیات و آتش فشانیات کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 46 منٹ پر آیا۔ زلزلے کا مرکز کیمپی فلیگری کا آتش فشانی علاقہ تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 3 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
فائر اینڈ ریسکیو حکام نے بتایا کہ نیپلز اور اس کے اطراف چند عمارتوں میں معمولی نوعیت کے نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئیں، تاہم ابتدائی رپورٹس کے مطابق کسی جانی نقصان یا زخمی ہونیکی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہری احتیاطاً گھروں اور عمارتوں سے نکل کر کھلے مقامات پر جمع ہوگئے۔ مقامی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے تحت ریلوے اور میٹرو سروس عارضی طور پر معطل کر دی، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر رہی۔
کیمپی فلیگری یورپ کے اہم آتش فشانی علاقوں میں شمار ہوتا ہے اور حالیہ برسوں کے دوران یہاں زلزلوں کی سرگرمی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسی وجہ سے اطالوی حکام مسلسل نگرانی اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس علاقے میں ہلکے زلزلے معمول کا حصہ ہیں، تاہم حالیہ نسبتاً طاقتور جھٹکوں نے ماضی کے بڑے زلزلوں کی یاد تازہ کر دی ہے۔
واضح رہے کہ اٹلی دنیا کے زلزلہ خیز ممالک میں شامل ہے۔ 2016 میں وسطی اٹلی میں آنے والے شدید زلزلوں میں تقریباً 300 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جبکہ نومبر 1980 میں جنوبی اٹلی کے ارپینیا علاقے میں آنے والا 6.9 شدت کا زلزلہ حالیہ تاریخ کے مہلک ترین زلزلوں میں شمار ہوتا ہے، جس میں تقریباً 2,700 افراد ہلاک ہوئے تھے۔









