ٹیکس دہندگان کے لیے بڑی خبر، گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

0
37
ٹیکس دہندگان کے لیے بڑی خبر، گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں مزید 15 روز کی توسیع کردی ہے۔ نئے فیصلے کے تحت ٹیکس دہندگان اب 31 اکتوبر 2026 تک اپنے گوشوارے جمع کراسکیں گے۔

ایف بی آر کے مطابق اب تک 69 لاکھ افراد انکم ٹیکس ریٹرن جمع کراچکے ہیں۔ گوشوارے جمع کرانے کی ابتدائی تاریخ 30 ستمبر مقرر تھی، جسے پہلی بار بڑھا کر 15 اکتوبر کیا گیا، جبکہ اب دوسری مرتبہ مہلت میں اضافہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق مختلف تجارتی تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی درخواستوں پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ کاروباری حلقوں نے گوشوارے مکمل کرنے میں درپیش مشکلات کے باعث آخری تاریخ بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

ٹیکس ماہرین کا کہنا ہے کہ گوشواروں کا حتمی فارم 2 ستمبر 2026 کو جاری ہونے سے ٹیکس دہندگان کو تیاری کے لیے محدود وقت ملا۔ اس کے علاوہ ایف بی آر کے آن لائن آئی آر آئی ایس پورٹل کی سست رفتاری، تکنیکی خرابیوں اور نئے فارم میں اضافی معلومات کی ضروریات نے بھی مشکلات پیدا کیں۔

تاجروں اور ٹیکس مشیروں نے ویلتھ اسٹیٹمنٹ کی مطابقت سمیت دیگر مسائل کی نشاندہی کی تھی۔ نئی مہلت سے افراد، کمپنیوں اور کاروباری اداروں کو اپنی ٹیکس ذمہ داریاں مکمل کرنے کے لیے مزید وقت مل گیا ہے۔

Leave a reply