
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام اپنے صارفین کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش کر رہا ہے، جس کا مقصد پلیٹ فارم کو ایسے انداز میں استعمال کرنے کی سہولت دینا ہے جس میں صارف کی سرگرمیاں دوسروں کو نظر نہ آئیں۔
رپورٹس کے مطابق انسٹاگرام پر ’ریڈ اونلی موڈ‘ کی اندرونی سطح پر جانچ کی جا رہی ہے۔ اس موڈ میں صارف پلیٹ فارم پر موجود مواد دیکھ سکے گا، تاہم عام طور پر دستیاب کئی انٹرایکٹو فیچرز استعمال نہیں کر سکے گا۔
اس موڈ کو فعال کرنے کے بعد صارفین کے لیے پوسٹس کو لائیک یا کمنٹ کرنا، کسی کو فالو کرنا، پیغامات بھیجنا اور اسٹوریز دیکھنا جیسی سرگرمیاں محدود ہونے کا امکان ہے۔
ریڈ اونلی موڈ کا بنیادی تصور یہ ہے کہ صارف انسٹاگرام پر موجود مواد کو براؤز تو کرے، لیکن اپنی سرگرمی کے ذریعے کوئی نمایاں ڈیجیٹل نشان نہ چھوڑے۔ اسی وجہ سے اسے کسی حد تک انکوگنیٹو طرز کے تجربے سے تشبیہ دی جا رہی ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق یہ فیچر ممکنہ طور پر انسٹاگرام کی بامعاوضہ سبسکرپشن سروس سے منسلک ہو سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔
انسٹاگرام کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ریڈ اونلی موڈ کی کمپنی کے اندر آزمائش جاری ہے، لیکن فی الحال یہ عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں۔
ترجمان کے مطابق انسٹاگرام مختلف نئے فیچرز کی باقاعدگی سے آزمائش کرتا ہے، اس لیے ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ریڈ اونلی موڈ کو مستقبل میں تمام یا مخصوص صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا یا نہیں۔









