
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری اور استحکام کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان تعاون اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے مختلف صنعتی شعبوں کو ریلیف دینے کے لیے سبسڈی اور ٹیرف سے متعلق اقدامات کیے ہیں، تاہم معاشی اصلاحات کا عمل مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کے لیے برآمدات پر مبنی نمو کو فروغ دینا ہوگا، جبکہ صنعتی پیداوار اور برآمدی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے حکام بھی پاکستان کی معاشی پیش رفت کو تسلیم کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق معاشی استحکام کے لیے سیاسی و عسکری قیادت کا مشترکہ تعاون اہم ہے، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی معاشی استحکام کے عمل میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔









