
نشین: ایشین گیمز 2026 کے مینز کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ گولڈ میڈل کے لیے دونوں روایتی حریفوں کے درمیان مقابلہ 3 اکتوبر کو شیڈول ہے۔
پاکستان نے پہلے سیمی فائنل میں بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو 124 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا کر فیصلہ کن معرکے میں رسائی حاصل کی۔
بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔ توحید ہردوئے 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ سیف حسن نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عرفات منہاس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب نے بھی کفایتی بولنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے ابتدائی مرحلے میں مشکلات کا سامنا کیا اور 53 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دیں۔ کپتان صاحبزادہ فرحان، معاز صداقت، صائم ایوب اور عثمان خان نمایاں اسکور نہ کرسکے۔
اس موقع پر عبدالصمد اور حسن نواز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ پاکستان کے حق میں کردیا۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے ناقابل شکست 59 رنز کی شراکت قائم کی۔
عبدالصمد نے صرف 15 گیندوں پر 30 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ حسن نواز 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے 112 رنز کا ہدف 11.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
اب ایشین گیمز کے گولڈ میڈل میچ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہوگا، جبکہ کانسی کے تمغے کے لیے بنگلادیش اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں میچز 3 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔









