خلیجی بحران کے اثرات نہ ہوتے تو پاکستان کی معیشت مزید آگے ہوتی: شہباز شریف

0
6
خلیجی بحران کے اثرات نہ ہوتے تو پاکستان کی معیشت مزید آگے ہوتی: شہباز شریف

لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ چند برسوں کے دوران معاشی استحکام کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں اور ملکی معیشت کے کئی اشاریوں میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے۔

لندن میں اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپننگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگر خلیجی خطے میں بحران پیدا نہ ہوتا تو پاکستان دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کی طرح زیادہ تیزی سے ترقی کی جانب بڑھ چکا ہوتا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ معاشی میدان میں بھی ملک کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر شہباز شریف نے پاکستان کے 3 ارب ڈالر مالیت کے یورو بانڈز کی لندن اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ کی رونمائی بھی کی۔

لندن اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو افسر اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کی مارکیٹ اوپننگ تقریب میں شرکت کو پاکستان اور برطانیہ کے مالیاتی شعبوں کے درمیان روابط کے فروغ کی علامت قرار دیا گیا۔

وزیراعظم نے اپنے دورۂ لندن کے دوران مختلف عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں، جس کے بعد وہ پاکستان روانہ ہوگئے۔

حکومت کے مطابق شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں لندن اسٹاک ایکسچینج کی ٹریڈنگ اوپننگ تقریب میں شرکت کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

Leave a reply