
اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے عازمین حج کے لیے پاک حج ایپ میں مزید سہولیات شامل کردی ہیں، جن کے ذریعے حج انتظامات سے متعلق کئی اہم امور آن لائن مکمل کیے جاسکیں گے۔
وزارت کے مطابق کامیاب عازمین حج اب اپنی ضرورت کے مطابق حج پیکیج کی مدت اور رہائش کی نوعیت میں تبدیلی کرسکتے ہیں۔ رہائش کے لیے ٹو بیڈ، تھری بیڈ، فیملی روم اور شیئرنگ جیسے آپشنز دستیاب ہوں گے۔
عازمین لانگ حج پیکیج کو شارٹ اور شارٹ حج پیکیج کو لانگ پیکیج میں تبدیل کرنے کی درخواست بھی ایپ کے ذریعے دے سکیں گے۔
میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بھی آن لائن جمع ہوگا
پاک حج ایپ پر میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ سے متعلق سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔ عازمین ایپ سے سرٹیفکیٹ کا پرنٹ حاصل کرکے مجاز ڈاکٹر سے تصدیق کروائیں گے، جس کے بعد تصدیق شدہ دستاویز پاک حج ایپ یا حج پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ہوگی۔
بیرونِ ملک مقیم پاکستانی عازمین بھی اپنے قریب موجود مجاز ڈاکٹر سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرکے اسے ایپ کے ذریعے جمع کراسکیں گے۔
محرم، ہیلپر اور رقم واپسی کی سہولت
وزارت کے مطابق ہارڈشپ کوٹے کے تحت محرم یا ہیلپر کی درخواست دینے کی سہولت بھی پاک حج ایپ میں شامل کردی گئی ہے۔ اسی طرح کسی ناگزیر صورتحال میں حج درخواست منسوخ کرکے رقم کی واپسی کے لیے بھی آن لائن درخواست دی جاسکے گی۔
وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ان ڈیجیٹل سہولیات کا مقصد عازمین کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں، انتظار اور قطاروں سے بچانا اور حج انتظامات کے مختلف مراحل کو آسان بنانا ہے۔
پرائیویٹ حج کی بکنگ سے متعلق اہم ہدایت
دوسری جانب پرائیویٹ حج اسکیم کی بکنگ کا عمل ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے جاری ہے۔ وزارتِ مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ پرائیویٹ حج کی بکنگ اور ادائیگی کے لیے صرف مجاز ڈیجیٹل حج پورٹل استعمال کریں اور غیر سرکاری ذرائع سے لین دین سے گریز کریں۔
وزارت کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت ہزاروں درخواستیں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ مزید نشستیں بھی دستیاب ہیں۔ عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ حج سے متعلق کسی بھی ادائیگی یا بکنگ سے پہلے متعلقہ سرکاری ہدایات کی ضرور تصدیق کریں۔









