حج 2027: پاکستانی عازمین کو ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق اہم ہدایت

0
9
حج 2027: پاکستانی عازمین کو ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق اہم ہدایت

اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے نجی حج اسکیم کے تحت سفرِ حج کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کو مالی معاملات میں احتیاط برتنے کی ہدایت کردی۔

وزارت کے مطابق عازمین حج اپنے اخراجات کسی فرد یا حج آپریٹر کو براہِ راست نقد رقم کی صورت میں ادا کرنے سے گریز کریں اور ادائیگی کے لیے صرف حکومت کے منظور شدہ ڈیجیٹل نظام یا پاک حج ایپ کا استعمال کریں۔

وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سرکاری ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ادائیگی کا مقصد عازمین کو ممکنہ مالی فراڈ سے تحفظ فراہم کرنا اور نجی حج آپریٹرز کی سرگرمیوں کی نگرانی کو مؤثر بنانا ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ طریقہ کار کے علاوہ کسی شخص کو رقم دینے کی صورت میں عازمین کو مالی نقصان کا سامنا ہوسکتا ہے، اس لیے غیر سرکاری ذرائع سے ادائیگی نہ کی جائے۔

وزارت نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ حج 2027 کے لیے نجی اسکیم کا انتخاب کرتے وقت صرف ان حج آپریٹرز سے رجوع کیا جائے جو متعلقہ حکام سے باقاعدہ طور پر لائسنس یافتہ ہوں۔

دستیاب معلومات کے مطابق حج 2027 کے لیے پاکستان کا مجموعی حج کوٹہ 179,210 مقرر کیا گیا ہے۔ ان میں سے 71,684 عازمین نجی حج اسکیم کے ذریعے جبکہ باقی افراد سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ 2025 میں مختلف وجوہات کے باعث تقریباً 67 ہزار پاکستانی عازمین حج پر روانہ نہیں ہوسکے تھے۔

Leave a reply