اسلام آباد پولیس اور این سی سی آئی اے میں بھرتی، درخواست جمع کرانے کی تاریخ بڑھا دی گئی

0
14
اسلام آباد پولیس اور این سی سی آئی اے میں بھرتی، درخواست جمع کرانے کی تاریخ بڑھا دی گئی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد پولیس اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں مختلف خالی آسامیوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔

نئے شیڈول کے مطابق ملک بھر سے اہل مرد و خواتین امیدوار اب 14 ستمبر 2026 تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

حکومت کے مطابق ان بھرتیوں کا مقصد اسلام آباد پولیس اور این سی سی آئی اے میں موجود خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو سائبر کرائم اور قانون نافذ کرنے کے شعبے میں ملازمت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

دستیاب معلومات کے مطابق دونوں اداروں میں مجموعی طور پر 351 نشستوں پر بھرتی کی جائے گی۔ ان میں سب انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ٹیکنیکل اسسٹنٹ، اسٹینو ٹائپسٹ، یو ڈی سی، کانسٹیبل اور کانسٹیبل ڈرائیور سمیت مختلف عہدے شامل ہیں۔

آن لائن درخواست کیسے جمع کرائیں؟

امیدوار نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی متعلقہ آن لائن بھرتی ویب سائٹ پر جا کر اپنا شناختی کارڈ نمبر استعمال کرتے ہوئے اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں۔ اس کے بعد مطلوبہ ذاتی، تعلیمی اور دیگر معلومات درج کرکے مقررہ فیس ادا کرنا ہوگی۔

ہر آسامی کے لیے 2 ہزار روپے ناقابل واپسی پروسیسنگ اور ٹیسٹ فیس مقرر کی گئی ہے۔ ایک سے زیادہ عہدوں کے لیے درخواست دینے کی صورت میں ہر پوسٹ کے لیے الگ درخواست اور فیس جمع کرانا ضروری ہوگا۔

حکام کے مطابق درخواست صرف آن لائن قبول کی جائے گی، جبکہ دستی طور پر یا کورئیر کے ذریعے بھیجی گئی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں تعلیمی اسناد یا دیگر دستاویزات کی نقول بھیجنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

جسمانی ٹیسٹ بھی لازمی

سب انسپکٹر، اے ایس آئی، کانسٹیبل اور کانسٹیبل ڈرائیور کے امیدواروں کو ابتدائی طور پر جسمانی اور دوڑ کے امتحان سے گزرنا ہوگا۔

مرد امیدواروں کے لیے ایک میل دوڑ 7 منٹ جبکہ خواتین امیدواروں کے لیے یہی فاصلہ 10 منٹ میں مکمل کرنا ضروری ہوگا۔

جسمانی مرحلہ کامیابی سے مکمل کرنے والے امیدوار ہی اگلے مرحلے یعنی کمپیوٹر بیسڈ تحریری امتحان میں شرکت کے اہل ہوں گے۔

حکام نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ درخواست فارم میں تمام معلومات درست درج کریں۔ جعلی اسناد یا غلط معلومات سامنے آنے کی صورت میں امیدوار کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

سرکاری ملازمت کرنے والے امیدواروں کو انٹرویو کے موقع پر اپنے متعلقہ محکمے سے حاصل کردہ اجازت نامہ پیش کرنا ہوگا۔

حتمی طور پر منتخب ہونے والے امیدواروں کو ضرورت کے مطابق پاکستان کے کسی بھی علاقے میں تعینات کیا جا سکتا ہے۔

Leave a reply