
لاہور: پاکستان طویل عرصے بعد ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، جبکہ بھارت نے بھی آئندہ کھیلوں میں شرکت کی دعوت قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
ساؤتھ ایشین اولمپک ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھارتی نمائندوں نے شرکت کی، جہاں پاکستان میں ہونے والے سیف گیمز میں بھارتی دستے کی شرکت کے معاملے پر مثبت پیش رفت ہوئی۔
اجلاس کے دوران بھارت کی جانب سے اپریل 2027 میں پاکستان میں منعقد ہونے والے کھیلوں میں شرکت پر اصولی رضامندی ظاہر کی گئی۔
پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے بھی بھارتی شرکت کی پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں بھارتی حکام نے سیف گیمز میں شرکت کیلئے مثبت ردعمل دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ سیف گیمز کے دوران اسلام آباد میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے۔ ایونٹ میں اسکواش، ٹینس اور مارشل آرٹس سمیت تقریباً 15 کھیلوں کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان میں سیف گیمز کا انعقاد کھیلوں کے میدان میں ایک اہم علاقائی سرگرمی تصور کیا جا رہا ہے، جبکہ بھارتی کھلاڑیوں کی شرکت سے ایونٹ کی اہمیت مزید بڑھنے کی توقع ہے۔









